کھلی کچہری میں عوامی مسائل کو قانون کے مطابق اور میرٹ پر حل کیا جاتا ہے، ڈی سی مظفر گڑھ

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 12 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کے مسائل کو قانون کے مطابق اور میرٹ پر حل کیا جاتا ہے۔یہ بات انہوں نے ضلع کونسل میں ہفتہ وار کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔کھلی کچہری میں ضلع میں قائم پتنوں پر چلنے والی کشتیوں پر زیادہ کرایہ لینے کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے چیف آفیسر ضلع کونسل عامر سلیم کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام پتنوں پر کرایے کا شیڈول آویزاں کیا جائے اور مسافروں کو ٹکٹ کے اجراء کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پتنوں کے ٹھیکہ جات اور دیگر معاملات میں متعدد شکایات سامنے آئی ہیںلہذا پتنوں کے معاملات کو بہتر بنایا جائے۔
اس موقع پر سینئر صحافی ماجد رحیم نے مطالبہ کیا کہ کرایہ نامے کے ساتھ شکایت درج کرانے کیلئے فون نمبر بھی درج کیا جائے، جس کو منظور کرلیا گیا۔ایک سائل کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹی کے حدود میں قائم کالونیوں میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو فوری طور پر مسمار کیا جائے، بستی تلیری کے رہائشی کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بستی تلیری سے سیوریج کے پانی کی نکاسی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں اور اگر کوئی فرد یا گروہ اس میں رکاوٹ پیداکرتا ہے تو محکمہ پولیس سے معاونت حاصل کی جائے، میونسپل کمیٹی کے سابقہ اہلکار کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر نے اس کی پینشن کی فوری ادائیگی کے احکامات جاری کئے۔

کھلی کچہر ی میں کرپٹ پٹواریوں کے خلاف فوری کاروائی کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔کھلی کچہری میں محکمہ مال اور محکمہ آبپاشی سے متعلق بھی درخواستیں دی گئیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری کاروائی کے احکامات جاری کئے، کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاء الحق، قائم مقام اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ جام آفتات سمیت ضلعی محکموں کے سربراہان اور ان کے نمائندگان نے شرکت کی۔