مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 اکتوبر2022ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹس پروگرام تحصیل کوٹ ادو سید غضنفر عباس بخاری نے کہا ہے کہ امدادی رقوم میں ناجائز کٹوتی کرنے والے 5 ریٹیلرز کے خلاف مقدمات درج کرا چکے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریٹیلرز شاپس کی چیکنگ کے دوران میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تحصیل کوٹ ادو کی 90 ہزار مستحق خواتین کو امدادی رقم کی تقسیم جاری ہے جو 31 اکتوبر تک ملتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں خود اور محکمے کی مختلف ٹیمیں مستقل بنیادوں پر ریٹیلر شاپس کی مانیٹرنگ کرنے کےلئے مارکیٹوں کے دورے کر رہی ہیں اور امدادی رقم لینے والی خواتین کی طرف سے ریٹیلرز کے خلاف رقم میں ناجائز کٹوتی کی ہر شکائت کا فوری نوٹس لے کر کارروائیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اب تک تھانہ سنانواں،تھانہ صدر کوٹ ادو اور تھانہ محمود کوٹ میں غیر قانونی کٹوتی کرنے والے 5 ریٹیلرز کے خلاف مقدمات درج کرا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اور ناجائز کٹوتی کرنے والے ریٹیلرز کے خلاف محکمہ زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کر رہا ہے اور وہ کسی ریٹیلر کو غریب خواتین کی رقم میں کٹوتی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔