یوریا کھاد کو حکومت کے مقرر نرخوں سے زیادہ پر فروخت کو برداشت نہیں کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 ستمبر2022ء) ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا ہے یوریا کھاد کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ پر فروخت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام کھاد ڈیلر ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور حکومت کے ڈیجیٹل گرداوری سسٹم کے تحت یوریا کھاد کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔یہ بات انہوں نے کھاد ڈیلرز کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے مختلف علاقوں سے کھادوں کی اوورچارجنگ کی شکایات موصول ہورہی ہیں، کھادوں کی مصنوعی قلت، گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسا کرنے پر سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ کسی کاشتکار کوکھاد کی دستیابی پر کوئی شکایت نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈیلرز کو ہدایت کی کہ گندم کے آمدہ سیزن کیلئے زیادہ سے زیادہ کھادوں کی بکنگ کرائیں تاکہ فوڈ سیکورٹی کو یقینی بناتے ہوئے گندم کی بمپر کراپ حاصل کی جائے۔ اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا حبیب الرحمن نے بتایا کہ ڈیجیٹل طریقہ برائے تقسیم یوریا کھاد میں کسانوں کو کچھ مشکلات درپیش ہیں جن کی نشاندہی کر کے اعلیٰ حکام کو لکھا جا چکا ہے۔ کھاد ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ شیخ ارشد نے ڈیلرز کے مسائل اور ڈیجیٹل فرٹیلائزر ڈسٹری بیوشن سسٹم میں موجود نقاص کی نشاندہی کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت مظفرگڑھ عبدالرزاق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت کوٹ ادو شبیر احمد گشکوری اور کھاد ڈیلزر نے شرکت کی۔\378