مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 20 اگست2022ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ مظفرگڑھ ڈاکٹر طارق خان نے عوام کے نام ایک پیغام میں مویشیوں میں پھیلی ہوئی لمپی اسکن نامی بیماری کے مویشیوں سے انسانوں میں منتقل ہونے کی افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لمپی اسکن مویشیوں سے ہرگز انسانوں میں منتقل نہیں ہو سکتی عوام ان افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں اور انہیں نظرانداز کر دیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نمائندہ اے پی پی کو بتایا کہ اگر لمپی اسکن مویشیوں سے انسانوں میں منتقل ہوتی تو اب تک مویشیوں کا علاج معالجہ کرنے والے ویٹرنری ڈاکٹروں، ویٹرنری پیرا میڈیکل سٹاف،مویشیوں کی نگہداشت کرنے والوں،گلہ بانوں اور مویشی ذبح کرنے والے قصائیوں میں منتقل ہو چکی ہوتی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ لمپی اسکن کا مویشیوں سے انسانوں میں منتقل ہونے کا قطعی طور پر کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا عوام لمپی اسکن سے متاثرہ مویشی کا گوشت،دودھ اور ان کی جو چیز بھی استعمال ہو سکتی ہے ہے بلا جھجھک اور بلا خوف استعمال کریں اس سے انسانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔