ملک بھر کی طرح مظفرگڑھ میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ،جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم نظر آنے لگے

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 12 اگست2022ء) ملک بھر کی طرح مظفرگڑھ میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ،جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم نظر آنے لگے۔

سب بچوں اور بڑوں نے 14 اگست کی خریداری کے لیے بازار کا رخ کر لیا ہے،خوبصورت اسٹالز پر بچوں کے لیے چوڑیاں، بیجز، ہیئر کیچر، پونیاں، ہیئر بینڈ، ٹی شرٹ،ڈریسز وغیرہ سب کچھ ہی جشن آزادی کی نسبت سے مل رہا ہے،بچوں اور نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی ہے، گھروں کو سجانے کےلئے جھنڈیاں اور موم بتیاں خریدی جا رہی ہیں،ارشد،حفیظ،ناصر،عمیر،خالد،اور متعدد دیگر نوجوانوں کا کہنا تھا کہ 14 اگست ہمارا قومی تہوار ہے اسے شان و شوکت اور دھوم دھوم سے منائیں گے، زندہ قومیں اپنا یوم آزادی بھرپور طریقے سے مناتی ہیں وہ اس دن اللہ پاک کا آزادی جیسی نعمت اور پاکستان جیسا خوبصورت ملک عطا کرنے پر شکرانہ ادا کریں گے۔

 

دوسری طرف مظفرگڑھ پولیس نے یوم آزادی پر منچلے نوجوانوں کے جوش کو کنٹرول کرنے کےلئے انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈولفن فورس اورایلیٹ فورس کے سپیشل سکواڈ تشکیل دے دیئے گئے ہیں جو ہلڑ بازی، ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ اور تفریحی مقامات پر فیملیز کو ہراساں کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے۔