گندم کی فصل کے کاشتکاروں کو یوریا کھاد کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے،سید موسیٰ رضا

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 28 دسمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ گندم کی فصل کے کاشتکاروں کو یوریا کھاد کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ گندم کے کاشتکاروں کو ضرورت کے مطابق کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے محکم زراعت کے آفس میں اچانک معائنہ کے دوران کاشتکاروں سے ان کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے موقع پرموجود افسران کو ہدایت کی کہ آج جتنے بھی کاشتکار کھاد کیلئے محکمہ زراعت کے دفتر آئے ہیں ان کو فی الفور کھاد فراہم کی جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شوکت علی عابد کو اپنے دفتر میں طلب کیا اور ہدایت کی کہ ضلع کے تمام کھاد ڈیلروں سے رابطہ کیا جائے اور کاشتکاروں کو موقع پر کھادکی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورروں کو خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے اور کاشتکاروں کو کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔