مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 23 دسمبر2021ء) سول ڈیفنس آفیسر مظفرگڑھ سیدہ سحرش ارشاد نے کہا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اگر آگ بجھانے کے انتظامات مکمل ہوں تو آگ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سید موسیٰ رضا کی خصوصی ہدایت پر خانگڑھ شہر اور گرد و نواح میں موجود پیٹرول پمپس اورفرنیچر کی دکانوں پر آگ بجھانے کے انتظامات کو معائنہ کرتے ہوئے کہی۔
کچھ روز قبل ڈیفنس آفیسر کی جانب سے آگ بجھانے کے انتظامات مکمل کرنے کے لئے متعدد پیرول پمپس کونوٹسز جاری کئے جاچکے تھے جن میں پیٹرول پمپ مالکان میں محمد آصف، عادل عثمان پیٹرولیم سروس دائے والی ماڑھی اور محمد افضل،الخالق پیٹرولیم سروس خانگڑھ بستی درگھ شامل تھے۔ جنہوں نے تاحال آگ بجھانے کے انتظامات مکمل نہ کئے تھے۔سول ڈیفنس آفیسر سیدہ سحرش ارشاد نے ان کے خلاف چالان مرتب کرکے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کے عدالت میں برائے مزید کارروائی بھجوادئیے۔علاوہ ازیں خانگڑھ شہر میں موجود 20سے زائد فرنیچر کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا اور نوٹسز جاری کئے کہ وہ اپنی دکانوں میں آگ بجھانے کے انتظامات مکمل کریں۔