مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 مئی2019ء) اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر شیخ کی خصوصی ہدایت پر او پی ایف ریجنل آفس میں عید الفطر سے قبل بیرون ملک وفات پا جانے والے سمندر پار پاکستانیوں کے لواحقین میں 32 لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کرنے کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی۔ ریجنل ہیڈ او پی ایف ملتان محترمہ زرقا یحیی نے چیکس تقسیم کئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، شیخ محمد یوسف، رانا محمد اشفاق محمود اور غلام اکبر شہزاد ویلفیئر آفیسر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ہیڈ او پی ایف ملتان محترمہ زرقا یحییٰ نے کہا کہ او پی ایف ملک بھر میں 22 تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور طبی کیمپس کے ذریعے تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ او پی ایف میں شکایات سیل قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات اور مسائل کے حل کے لئے فوری کارروائی کی جاتی ہے، اس کے علاوہ وزیر اعظم کمپلینٹ سیل بھی سرگرم عمل ہی. انہوں نے کہا کہ بیرون ملک وفات پا جانے والوں کے واجبات کی وصولی کے لئے ورثائ کی قانونی دستاویزات کی تیاری, سفارت خانوں سے مدد کا حصول, ان کی میت کو پاکستان لانے اور ملک میں ان کے گھروں تک پہنچانے کے لئے فری ایمبولینس سروس فراہم کی جاتی ہی. اس مالی امداد سکیم کے تحت ورثاء کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوتا. اور او پی ایف فی کس 4 لاکھ روپے کی امداد دیتی ہے۔جبکہ بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر چوبیس گھنٹے او پی ایف سٹاف آفیسرز ڈیوٹی پر مدد اور راہنمائی کے لئے موجود ہوتے ہیں اور ساتھ ہی ون ونڈو ڈیسک پر ان کی شکایات کو فوری طور پر حل کیا جاتا ہے۔