مظفرگڑھ 19 اپریل(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 19 اپریل2019ء) ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام چلنے والے سردار کوڑا خان پبلک ہائر سیکنڈری سکول کو این جی او کے حوالے کرنے کے فیصلے پر وکلاء نے احتجاج کی دھمکی دے دی۔ضلع بھر میں احتجاجی مظاہرے اور روڈ بلاک کرنے کا اعلان کردیا۔وکلاء نے مطالبہ کیا ہے کہ سردار کوڑا خان ہائیر سکینڈری سکول مظفرگڑھ کو سردار کوڑا خان ٹرسٹ کے زیر انتظام کیا جائے تاکہ طلباء و طالبات کا تعلیمی مستقبل محفوظ ہوسکے۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے پاسبان لائرز فورم کا اجلاس چیئرمین محمد جنید نواب خان ایڈوکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں پاسبان لائرز فورم کے عصمت نیاز خان سہرانی ایڈوکیٹ،سجاد عطا خان گشکوری ایڈوکیٹ،مہر عمران غفور ایڈوکیٹ،محمد بلال خان بھٹہ ایڈوکیٹ،میاں آصف رسول بھٹی ایڈوکیٹ اور دیگردرجنوں وکلاء شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام چلنے والے سردار کوڑا خان ہائر سکینڈری سکول مظفرگڑھ کا تعلیمی معیار بہتر ہونے کے باعث شہر کے ہزاروں والدین اپنے بچوں کو داخل کرواتے ہیں۔ اجلاس میں شریک وکلاء کا کہنا تھا کہ اگر سردار کوڑا خان پبلک ہائر سکینڈری سکول کو سردار کوڑا خان ٹرسٹ کے زیر انتظام نہ کیا گیا تو وہ سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کریں گے، جبکہ ضلع بھر میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔