مظفر گڑھ۔(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 اکتوبر2018ء) صوبائی مشیر برائے زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی زراعت کی ترقی سے وابستہ ہے کیونکہ پاکستان کی 70فیصد آبادی شعبہ زراعت سے وابستہ ہے ، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے 100روزہ پلان میں زراعت کی ترقی بھی شامل ہے اور ملک کی عوام دیکھی گی کہ100روز میں ملک بھر میں مثبت تبدیلی آئے گی بالخصوص جنوبی پنجاب میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی، یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ میں زراعت آفس کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ زراعت سے وابستہ لوگوں کے مسائل کو فوری حل کیا جائے گا، ضلعی دفاتر کو وسائل فراہم کئے جائیں گے ، کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریاں لگائی جائیں گی، چھوٹے کسانوں کو ترجیح بنیادوں پر سود سے پاک قرضے فراہم کئے جائیں گے، کھاد پر سبسڈی دی جائے گی اور اس کی بلیک مارکیٹنگ کو روکا جائے گا، جعلی اور غیر معیار ی ادویات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے، جس سے زراعت کے شعبہ میں بہتری آئے گی اور اس کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے کسانوں کا جو استحصال کیا ہے اس کا اب ازالہ کیا جائے گا، چھوٹے کاشتکاروں کو کا زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے جہانگیر ترین نے خدمات قابل تحسین ہیں ان کے ذاتی دلچسپی سے زراعت کے شعبہ میں سبز انقلاب برپا ہوگا اور 100روز بعد عوام یہ تبدیلی محسوس کرے گی۔