مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23 مارچ2023ء) 83ویں یوم پاکستان کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس مظفرگڑھ میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ڈی پی او رضا صفدر کاظمی کے ہمراہ پرچم کشائی کی ، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور سکول کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس،اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر شہزاد ڈوگر اور ایس ڈی پی او ریحان رسول بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ ملک اور یہ جھنڈا ہماری پہچان ہے، پاکستان کے جھنڈے کی وجہ سے ہماری عزت اور شان ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمیں بڑی قربانیوں کے بعد ملا ہے، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کی حفاظت کریں،انہوں نے کہا کہ یہی ملک رہتی دنیا تک قائم رہے گا، اس ملک کے لوگ باصلاحیت ہیں ،اگر ہم احساس ذمہ داری پیدا کر لیں تو یہ دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرسکتا ہے۔