83ویں یوم پاکستان کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس مظفرگڑھ میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23 مارچ2023ء) 83ویں یوم پاکستان کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس مظفرگڑھ میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ڈی پی او رضا صفدر کاظمی کے ہمراہ پرچم کشائی کی ، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور سکول کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس،اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر شہزاد ڈوگر اور ایس ڈی پی او ریحان رسول بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ ملک اور یہ جھنڈا ہماری پہچان ہے، پاکستان کے جھنڈے کی وجہ سے ہماری عزت اور شان ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمیں بڑی قربانیوں کے بعد ملا ہے، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کی حفاظت کریں،انہوں نے کہا کہ یہی ملک رہتی دنیا تک قائم رہے گا، اس ملک کے لوگ باصلاحیت ہیں ،اگر ہم احساس ذمہ داری پیدا کر لیں تو یہ دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرسکتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی نے کہا کہ آج یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم اس ملک کے استحکام اور ترقی کیلئے اور خوشحالی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ تقریب میں چیف آفیسر اقبال خاکوانی، ڈی ایس او محمد کلیم خان، ڈی آئی او احسان قادر جتوئی، سول سوسائٹی سے ملک خیر محمدبدھ، ام کلثوم سیال، پروفیسر افتخار ہاشمی اور انجمن تاجران سے شیخ عامر سلیم، سکولوں کے اساتذہ او ردیگر محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کیلئے مولانا عبدالمعبود آزاد نے دعا کرائی۔ نظامت کے فرائض عبدالغفار کاکڑ نے سرانجام دئیے۔