مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 02 مئی2019ء) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ40 سال کے بگڑے ہوئے حالات ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا،حکومت کو تھوڑا ٹائم دیا جائے سب چیزیں ٹھیک ہو جائینگی،پنجاب میں 2 سالوں کے اندر بہترین نصاب اور ٹیسٹنگ سسٹم ہوگا۔تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ میں محکمہ تعلیم کی جانب سے “نیاسال نہیں،نیادور” پروگرام کے افتتاح کی تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرتعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ 2 ہفتوں کے اندر پنجاب بھر میں اساتذہ کے لیے آن لائن ٹرانسفر پالیسی شروع کی جارہی ہے جس سے محکمے کے اندر 4 سے 6 ارب روپے کی کرپشن بند ہوجائیگی.صوبائی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ 40 سالوں تک محکموں کو تباہ کیاگیا ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا،22 اضلاع میں ڈبل شفٹ سکول شروع کیے جارہے ہیں اور طلباء وطالبات میں بائیسکل اور پیڈ واؤچر تقسیم کیے جائیں گی.ان کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ آنے والے نئے نصاب میں طلباء وطالبات کو بتائیں گے کہ دین کیساتھ دنیا بھی ٹھیک ہے،ایسا سافٹ ویئر لایا جارہا ہے جس سے کمپیوٹرز کے ذریعے طلباء وطالبات کو تعلیمی لحاظ سے فائدہ ہوگا۔پنجاب کا تعلیمی بجٹ بڑھایا جائیگا جس کے لیے وہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے بات کریں گے۔