مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 06 جنوری2020ء) جنوبی پنجاب سمیت ضلع مظفرگڑھ کے سکولز موسم سرما کی 15 روزہ تعطیلات کے بعد سوموار کو کھل گئے تاہم موسم شدید سرد اور رات سے جاری بارش کے باعث اساتذہ اسکولوں میں موجود مگر طلباء اسکول سے غائب ہیں جبکہ موسم کے مزید سرد ہونے کی پیشین گوئی کی جا رہی ہیہ والدین، طلبا اور شہریوں نے صوبہ پنجاب کے سکولوں میں بچوں کے لیے تعطیلات میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ایسے سخت سرد موسم میں بچوں کا سکول جانا ان کے لیے بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے حکومت سکولوں میں تعطیلات میں کم از کم 15 جنوری تک اضافہ کرے، اب پہلے سے موسم مزید سخت اور سرد ہوچکا ہے اور اس کی شدت میں اضافے کا ہی امکان ہے، اس لیے بچوں کی صحت کو ترجیح دی جائے اور تعطیلات میں 15 جنوری تک اضافہ کیا جائے۔ پیر کو شہری اور دیہی علاقوں کے نجی و سرکاری سکولز میں طلبہ و طالبات کی حاضری نہ ہونے کے برابر رہی تاہم اساتذہ سکولز میں شدید سردی میں حاضر ہو کر ٹھٹھرتے رہے۔