مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23اگست 2013ء) بھارتی فوج نے آج بھی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولا باری اور بلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر محاذ آرائی کرتے ہوئے پونچھ سیکٹر کے علاقے تروٹی میں بلااشتعال فائرنگ اور گولا باری کی جس سے ایک شہری زخمی اور ایک گھر تباہ ہوگیا، بھارتی فوج کی تازہ گولا باری کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوگئے۔واضح رہے کہ بھارت گزشتہ چند دنوں میں 240 سے زائد بار کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کر چکا ہے اور پاکستان کے بار بار احتجاج کے باوجود اس سے باز نہیں آرہا، گزشتہ روز بھی بھارتی فوج کی جارحیت سے پاک فوج کے 2 سپاہی جبکہ 2 روز قبل کیپٹین سرفراز بھی وطن عزیز کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔