کاشتکاروںمیں میرٹ پر بلا امتیاز باردانہ تقسیم کیا جائے گا‘ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔14 اپریل(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 14 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے کہا ہے کہ امسال گندم کے تمام کاشتکاروں کو حکومت کی پالیسی کے تحت میرٹ پر بلا امتیاز باردانہ تقسیم کیا جائے گا، جس کیلئے 16اپریل بروز سوموار سے 20اپریل بروز جمعہ تک کاشتکاروں سے در خواستیں وصول کی جائیں گی۔21اور 22اپریل کو وصول شدہ درخواستوں کو کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کے مطابق ملکیت، پتہ اور کل اراضی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔جس کے بعد تمام ریکارڈ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو بھیج دیا جائے گا۔23اپریل کو باردانہ کی تقسیم سے متعلق پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوگا جس میں تمام درخواستوں اور مقرر کردہ ہدف کے مطابق فی ایکٹر باردانہ کی تقسیم کافیصلہ کیا جائے گا ۔فیصلے کے مطابق ہر مرکز پر تمام درخواست دھندگان کی فہرست آویزاں کردی جائیں گی جس کے مطابق کاشتکار مقررہ تاریخ کو باآسانی باردانہ حاصل کرسکیںگے۔یہ بات انہوں نے گندم خریداری سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ باردانہ کی تقسیم میں کسی کاشتکار کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائے گی، ہر کاشتکار کا اس کے استحقاق کے مطابق باردانہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے گندم خریداری مراکز کے کواڈینیٹرز کو ہدایت کی کہ باردانہ کی تقسیم میں کسی شفارش کو خاطر میں نہ لایا جائے اگر کوئی بلاوجہ دبائو ڈالتا ہے تو اس کے بارے میں فوری طور پر مجھے آگاہ کیا جائے۔اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کواڈینیٹرز کو ہدایت کی کہ گندم خریداری مراکز پر ہر آنے والے کاشتکار کو عزت دی جائے ، ان کے ساتھ اخلاق سے پیش آیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام مراکز پر سایہ کے لئے بہترین ٹینٹ ، بیٹھنے کیلئے کرسیاں ، پینے کیلئے پانی او ر پنکھے کا معقول انتظام کیا جائے۔انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام ریکارڈ کو بروقت مکمل کیا جائے ہر مرکز پر بینر آویزاں کئے جائیں جس پر گندم کی قیمت اور اعلیٰ حکام کے ٹیلی فون نمبر درج ہوں۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے ہر مرکز پر فرسٹ ایڈ کیمپ بھی لگایا جائے گا اور محکمہ پولیس ہر مرکز پر نظم ضبط کو یقینی بنائے گا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاء الحق ، ایڈیشنل ڈپٹی جنرل ظہور حسین بھٹہ ، ڈی ایف سی ملک محمد ممتاز سمیت تمام مراکز کے کواڈینیٹرز نے شرکت کی۔