ڈی پی او مظفرگڑھ کی کھلی کچہری

مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 دسمبر2019ء) ڈی پی او مظفرگڑھ ندیم عباس نے دفتر پولیس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا،جہاں انہوں نے ضلع بھر سے آئے مرد و خواتین کے مسائل براہ راست خود سماعت کیے اور متعلقہ پولیس افسران کو ہدایات جاری کیں، انچارج کمپلینٹ سیل سے سابقہ دی گئی درخواستوں پر ہونے والی کارروائی اور عملدرآمد کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ڈی پی او ندیم عباس کا کہنا تھا کہ شہریوں کی ایس ایچ او سے لیکر ڈی پی او تک آسان رسائی کیلئے ٹائم ٹیبل کے ساتھ ایک منظم نظام تشکیل دیدیا گیا ہے جس کے تحت وہ دن 12 سے 2 بجے تک شہریوں کے مسائل روزانہ کی بنیاد پر خود سماعت کرینگے جبکہ دن 3 سے پانچ ضلع بھر کے ایس ڈی پی او ز اپنے دفاتر اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے تھانہ جات میں شہریوں کے مسائل براہ راست خود سماعت کرینگے۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا اس حوالے سے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز کے دفاتر میں کیمرے لگا دیے گئے ہیں جنکی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائیگی۔ڈی پی او کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی افسران کی غیر موجودگی کی شکایات ختم ہونگی اور ان کے مسائل فوری حل کرنے میں مدد ملے گی۔