مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 19 نومبر2022ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق نے کوٹ ادو سے منتخب ایم پی اے اشرف خان رند اور ایم پی اے نیاز احمد خان گشکوری کے ہمراہ ڈیزرٹ جیپ ریلی کے مقام چھانگا مانگا ٹیلہ کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوٹ ادو کے ضلع بننے کے بعد ایک میگا سپورٹس ایونٹ کا کوٹ ادو میں انعقاد پنجاب حکومت اور پنجاب ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے کوٹ ادو کےلئے پہلا تحفہ ہے،ڈیزرٹ جیپ ریلی سے نہ صرف لوگوں کو تفریح میسر آئی ہے بلکہ اس سے معاشی سرگرمیوں میں بھی بہت اضافہ ہوا ہے،ہزاروں کی تعداد میں شائقین کی آمد سے یہاں کے لوگوں کےلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں جو نہائت خوش آئند ہے۔
ایم پی اے نیاز احمد گشکوری نے بتایا کہ انہوں نے ڈیزرٹ جیپ ریلی کے موقع پر پہلی بار اپنی علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے کےلئے نیزہ بازی اور گھوڑ سواری کے مقابلوں کا بھی آغاز کیا ہے،جن میں حصہ لینے کےلئے جنوبی پنجاب کے 14 اضلاع سے گھوڑ سوار آئے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کی اس کاوش کے نتیجے میں شائقین جیپوں کی دوڑ کے ساتھ گھوڑ دوڑ اور نیزہ بازی کے مقابلوں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔
ایم پی اے اشرف خان رند نے کہا کہ مظفرگڑھ،کوٹ ادو اور لیہ کے اضلاع میں اس میگا اسپورٹس ایونٹ کا انعقاد نہائت خوش آئند ہے،اس میں لوگوں کی دل چسپی میں مستقل طور پر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، ہر سال ریسرز اور شائقین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، ریسرز اور شائقین کا جوش و جزبہ قابل داد ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیزرٹ جیپ ریلی اب اس علاقے کی پہچان بن چکی ہے۔