ڈپٹی کمشنر کا ڈی پی او مظفرگڑھ کے ہمراہ ضلع بھر میں قائم مختلف مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 مارچ2023ء) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ڈی پی او مظفرگڑھ ملک تنویر کے ہمراہ ضلع بھر میں قائم مختلف مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ کیا اور آٹے کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے خانگڑھ اور روہیلاوالی میں قائم مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ کیا اور خود اپنی نگرانی میں آٹے کی شفاف فراہمی کو یقینی بنایا، انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام پوائنٹس پر وافر مقدار میں آٹا موجود ہے، عوام نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور اپنی باری کا قطار میں لگ کر انتطار کریں، انہوں نے کہا کہ دھکم پیل اور بھگدڈ سے کوئی بھی سانحہ پیش آسکتا ہے، آٹے کے حصول کیلئے عوام انتظامیہ سے تعاون کرے، انہوں نے کہا کہ ہر اہل فرد کو آٹا فراہم کیا جائے گا اور ڈپٹی کمشنر نے خواتین کے ہجوم کو خود کنٹرول کرتے ہوئے قطاریں بنوائیں۔
اس موقع پر انہوں نے مفت آٹا وصول کرنے والی خواتین کو بتایا کہ مفت آٹے کی فراہمی کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے آٹے کا وسیع کوٹہ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے مفت آٹے کی فراہمی کا وسیع کوٹہ ہے جس سے ضلع بھر میں تمام مستحق افراد کو آٹا فراہم کیا جائے گا، آٹا پوائنٹس پر عوام کو کنٹرول کرنے اور نظم و ضبط کو قائم رکھنے کیلئے محکمہ پولیس کے اہلکار بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں ضلع کی تمام تحصیلوں میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنران تحصیلوں میں قائم آٹا پوائنٹس کا بھی دورہ کررہے ہیں اور آٹے کی تقسیم کا جائزہ لے رہے اورنظم و ضبط کو قائم رکھنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔