ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کے پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 فروری2023ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پتنگ بازی کرنے والوں کو سیدھا جیل بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہاضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت ضلع کی ریونیو حدود میں پتنگ بازی کرنے، پتنگ بنانے اور اس سے متعلقہ سامان فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بسنت کے نام پر کسی معصوم انسانی جان لینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی انتہائی خطرناک کھیل ہے،پتنگ کی ڈور سے گلے کاٹنے اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ ضلعی افسران پتنگ بازوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون شکن افراد کو موقع پر گرفتار کیا جائے۔

 

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دکانوں پر پتنگیں، دھاتی ڈور بنانے، خرید وفروخت اور استعمال کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر پتنگ بازی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں، انہیں پتنگ اڑانے سے باز رکھیں۔