مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 22 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ علی عنان قمر نے 20 اگست کو شاہجمال کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والی 2 خواتین اساتذہ کے ایصال ثواب کےلئے محکمہ تعلیم کے دفتر میں منعقد ہ تقریب میں شرکت کی ۔
سی ای او ایجوکیشن ملک مسعود ندیم نے انہیں بریفنگ دی اور حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کیا،ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق خواتین اساتذہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی،دعائیہ تقریب میں ڈی او ایجوکیشن اکبر بخاری، ڈپٹی ڈی او شاہد سیال سمیت تمام اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افسوسناک حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا،انہوں نے بتایا کہ حادثے کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔انہوں نے سی ای و تعلیم کو ہدا یت کی کہ جاں بحق ہونے والی اساتذہ کے تمام بقایا جات فوری طور پر ادا کئے جائیں اور انکی فیملی کا خیال کیا جائے۔