مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 01 جون2022ء) ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کی زیر صدارت ضلع بھر کے کھاد ڈیلرز کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں یوریا کھاد کی قیمت 1850روپے فی بیگ مقرر کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام ڈیلرز مقرر قیمت پر کھاد کی فروخت کو یقینی بنائیں، اپنا ریکارڈ مرتب کریں، کیش میمو پر خریدار کاشتکار کا نام اور موبائل نمبر درج کریں تاکہ ا س کی پڑتال کی جاسکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رات 8 بجے کے بعد یوریا کھاد کی فروخت ممنوع ہے جو ڈیلر اس وقت کے بعد کھاد فروخت کرتا ہوا پایا گیا اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوئی سرکاری اہلکار کسی قسم کا تقاضا کرے یا بے جاتنگ کرے تو ان کو فوری آگاہ کیا جائے اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب الرحمن نے بتایا کہ مارکیٹ میں ڈی پی اے کھاد 10837روپے فی بیگ جبکہ یوریا کھاد 1850روپے فی بیگ میں دستیاب ہے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عبدالرزاق سمیت کھاد ڈیلرز نے شرکت کی۔\378