ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ کاڈی ایچ کیوہسپتال میں زیرتعمیر یورالوجی وارڈکے کام کاجائزہ

مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 مئی2017ء)ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، نئے ہسپتالوں کی تعمیر، موجود ہسپتالوںکی توسیع اور ہسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے پنجاب حکومت عملی اقدامات کررہی ہے ، یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیر تعمیر یورالوجی وارڈ کے کام کا جائزہ اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی، انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کا مفت علاج کے ساتھ ساتھ مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے ہسپتالوں میں بائیو میٹرک سسٹم نصب کیا گیا ہے، ہسپتالوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور مریضوں کو تمام ضروری اور بنیادی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں ، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مظفرگڑھ ڈی ایچ کیو میں زیر تعمیر یورالوجی وارڈ کی تکمیل سے ضلع کی عوام کو سہولت میسر آئے گی، انہوں نے کہا کہ وہ مختلف اوقات میں ضلع کے مختلف ہسپتالوںکو اچانک معائنہ کرتے رہیں گے اور مریضوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔