ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ نے آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کےلئے خصوصی احکامات جاری کر دیئے

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 05 جنوری2023ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے اشیاء خوردو نوش کی مخصوص اشیاء پر فراہم کردہ سبسڈی کو مستحق افراد تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور آٹے کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ دکانوں، کریانہ سٹور، آٹا سیل پوائنٹس اور فلور ملز کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کی فراہمی میں رکاوٹ اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت نادار اور مستخق افراد کومختص اشیاء آٹا، گھی، دالیں اور پکانے کے تیل پر رعایت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ عوام کو حکومت کے اس اعلیٰ اقدام کے بارے میں معلوم ہو اور زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ جعلی رجسٹریشن کو فی الفور ختم کیا جائے،صرف اور صرف نادار اور مستحق افراد کو ہی احساس راشن رعایت کی سہولت میسر ہو۔اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر نے شہر میں آٹا سیل پوائنٹس اور فلور ملز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی دستیابی ہر صورت میں یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن کر نے کا بھی احکامات جاری کئے۔