پنجاب حکومت کے احکامات کے باوجود پیرکو ضلع مظفرگڑھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کاپہیہ نہ چل سکا،ایس او پیز پر نظرثانی کی جائے،ٹرانسپورٹرز

مظفرگڑھ۔ ( مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی 18 مئی2020ء) پنجاب حکومت کے احکامات کے باوجود پیرکو ضلع مظفرگڑھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کاپہیہ نہ چل سکا۔ تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے آج سے ایس او پیز کے تحت ٹرانسپورٹ چلنے کا اعلان کیا تھا لیکن ٹرانسپورٹر نے ہڑتال کرکے حکومت کے ایس او پیز کے تحت ٹرانسپورٹ چلانے سے انکار کردیا ہے ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے ایس او پیز کے تحت گاڑیاں چلانے سے انھیں بہت نقصان ہو گا۔بس اڈے پر موجود بس ڈرائیورز چوہدری ثاقب،نذیر احمد،غلام فرید اور دیگر نے بتایا کہ حکومت کہتی ھے کہ ٹرانسپورٹرز 20 فیصد کرایہ کم کریں اور کل سیٹوں کی آدہی سواریاں بٹھائیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح تو ڈیزل کی قیمت بھی نہیں نکلتی اور ان شرائط پر گاڑیاں چلانے میں سراسر نقصان ھے۔ اڈہ مینیجر ملک اقبال نے کہا کہ دو ماہ سے ٹرانسپورٹ بند ہونے سے ڈرائیورز،کنڈیکٹر،ہاکرز،پنکچر لگانے والے اور ٹرانسپورٹ سے جڑے ھوئے دیگر تمام لوگ بے روزگار ھیں اور ان کے گھروں میں فاقے ھو رھے ھیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ ایس او پیز پر نظرثانی کرے تاکہ ٹرانسپورٹ چل سکے اور عوام کو آمدورفت کی سہولت میسر ہو اور ٹرانسپورٹ سے جڑے ہوئے لوگوں کو روزگار بھی میسر آ سکے۔