پلاسٹک ٹنل اور اوپن فیلڈ میں کاشتہ ٹماٹر کی فصل کے پیداواری مقابلہ جات منعقد کئے جائیں گے،ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) مظفر گڑھ

مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔06 جنوری۔2016ء)ضلع مظفر گڑھ میں گزشتہ سال کی طرح امسال بھی پلاسٹک ٹنل اور اوپن فیلڈ میں ٹماٹرکی فصل کے پیداواری مقابلے منعقد کیے جا ئیں گے۔پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔یہ باتمہر عابد حسین ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) مظفر گڑھ نے کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ضلع مظفر گڑھ میں پلاسٹک ٹنل اور اوپن فیلڈ میں کاشتہ ٹماٹر کی فصل کے پیداواری مقابلہ جات منعقد کئے جائیں گے۔انہو ں نے کہا کہ ٹماٹر کے پیداواری مقابلوں میں 12ایکڑ تک کے سبزی کے چھوٹے کاشتکار حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔فصل کے معائنہ اوربرداشت کے بعد پیداوار کی بناء پرہر دو کیٹیگری میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کا اعلان کیا جائے گا اور پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ضلع مظفر گڑھ میں سبزی کے کاشتکاروں کیلئے ٹماٹر ایک اہم فصل ہے۔کاشتکار پیداواری مقابلہ میں حصہ لے کر نہ صرف اپنی پیداوار میں اضافہ کریں بلکہ انعامات بھی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے تحت ان مقابلہ جات کے انعقاد سے مسابقت کی فضا پیدا ہو گی۔ جس سے پیداوار میں مزید اضافہ ہو گا۔