پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے یو ایس ایڈ پروگرام اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے،امریکن قونصل جنرل کولین کرنیولج

مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 مئی2019ء) پاکستانی عوام بالخصوص دور دراز کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے یو ایس ایڈ پروگرام اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے،یو ایس ایڈ پروگرام کے ذریعے پاکستان میں تعلیم و صحت کی شعبہ میں ترقی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگارکے حصول کیلئے فنی تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے یہ بات امریکن قونصل جنرل کولین کرنیولج Colleen Crenwelge نے یو ایس ایڈ پنجاب یوتھ ورک فورس ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تعاون سے ڈی سی آفس میں ڈی سی آفس سہولت سنٹر اور 1718کال سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سہولت سنٹر اور کال سنٹر کے قیام سے علاقے کی عوام کے مسائل کو جدید سہولیات سے مستفید ہو کر بہتر طور پر جلد سے جلد حل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ علاقے کی عوام کو جدید خطوط پر سہولت فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کا ایک احسن اور اہم اقدام ہے، انہوں نے کہا کہ دور دراز کے پسماندہ علاقوں بالخصوص جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر یو ایس ایڈ کا تعاون جاری رہے گا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ سہولت سنٹر اور کال سنٹر کے قیام کا مقصد دور جدید کے ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اب وہ ڈی سی آفس آنے کی بجائے صرف ایک ٹیلی فون کال کے ذریعے تمام معلومات حاصل کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان بھرمیں بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو ایک پائیلٹ پروجیکٹ ہے جس کیلئے حکومت پنجاب کی معاونت بھی حاصل رہی، انہوں نے بتایا کہ سہولت سنٹر میں ڈومیسائل، روٹ پرمٹ، اسلحہ لائسنس، مثل معائنہ اور مصدقہ نقول کے حصول کی سہولت میسر ہوگی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویڑن کے مطابق یہ منصوبہ تبدیلی کی طرف ایک اہم قدم ہے، جو 2ماہ کی قلیل مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے، اس موقع ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطائ الحق اور چیف آف پارٹی یو ایس ایڈ پنجاب یوتھ ورک فورس ڈویلپمنٹ پروجیکٹ قیصر ندیم نے ایم او یو پر دستخط کئے،منصوبے کی بروقت تکمیل پر ملک احتشام اور رانا جنگ شیر میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور مظفرگڑھ پر تیار کردہ ڈاکومنٹری بھی دیکھائی گئی، اس موقع پر امریکن قونصل سے جمال عنصر، وسیم اشرف، ردا ارشد سمیت اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور حسین بھٹہ بھی موجود تھے۔