پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید احمد خان دستی نے ایم ایم اے کے زیراہتمام ملین مارچ میں بھرپور شرکت کااعلان کردیا

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید احمد خان دستی نے کہا ہے کہ ناموس رسالت پر جان بھی قربان ہے اورانکی جماعت کے تمام عہدیداران اور کارکنان23دسمبرکو مظفرگڑھ میں جمعیت علماء اسلام (ف)کے زیراہتمام ایم ایم اے کے ملین مارچ میں بھرپور شرکت کرینگے، جمشید احمد دستی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روزجمعیت علماء اسلام(ف) کے نائب امیر صوبہ پنجاب مولانا خلیل الرحمن درخواستی،مولانا عبد المعبود آزاد،مولاناعبد المجید توحیدی،صوفی معین، عبدالباسط آزاد اور ڈاکٹر جہانگیر پر مشتمل وفد نے ان سے ملاقات کی، اور انہیں23دسمبرکو جمعیت علماء اسلام ف کے مظفرگڑھ میں تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔اس لیے پاکستان عوامی راج کے کارکنان اورتمام عہدیداران ملین مارچ میں بھر پور شرکت کرینگے۔ انہوں نے کہا ناموس رسالت ہمارا ایمان ہے،ہم قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے شانہ بشانہ ہونگے۔ انہوں نے کہا دنیا داری اور سیاست سے ہٹ کر ملین مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا تقاضا ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت گھمبیر مسائل کا شکار ہے، لاقانونیت،نا انصافی اوربیروزگاری عروج پر ہے مگر بدقسمتی سے موجودہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مغرب کو خوش کرنے اور ڈالر کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔