مظفرگڑھ۔20 فروری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 20 فروری2018ء)کسی بھی معاشرے کی ترقی کا انحصار موجودہ وسائل اور آبادی پر ہوتا ہے، وسائل کے مطابق آبادی کو کنٹرول کرنا وقت کی ضرورت ہے ، یہ بات ڈسٹرکٹ آفیسر بہبود آبادی فرزانہ کوثر نے محکمہ صحت کی معاونت سے محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام ہفتہ بہبود آبادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، سیمینار میں علماء کرام، نکاح خواں، امام مساجد، خطیب اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی، فرزانہ کوثر نے کہا کہ صحتمند معاشرے کے قیام کیلئے ماں اور بچے کی صحت لازمی جز ہے ، ایک صحتمند ماں ہی صحتمند بچے کو جنم دیتی ہے اور بچوں کے درمیان مناسب وقفہ صحتمند ماں کی ضمانت ہے، وقت کی ضرورت ہے کہ خواتین سمیت مردوں میں بھی اس بات کا شعور بیدارکیا جائے کہ وہ اپنے خاندان کی بہتر پرورش کیلئے خاندانی منصوبہ بندی کے زریں اصولوں پر عمل کریں۔