مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہر جمعہ کو کھلی کچہری لگائی جاتی ہے اوراس کے علاوہ وہ روزانہ صبح 10بجے سے 12تک تک اپنے دفتر میں بھی ضلع کی عوام کے مسائل سنتے ہیں اور ان کو میرٹ پر حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جاتے ہیں، یہ بات انہوں نے ضلع کونسل ہال مظفرگڑھ میں کھلی کچہری میں سائلین کے مسائل سنتے ہوئے کہی، کھلی کچہری میں سائلین نے محکمہ ریونیو، رحمان حاجرہ شوگر مل، گرمانی میں تجاوزات کے خاتمے، محکمہ ہائی وے ، ٹی ایم اے ، میپکو اور محکمہ تعلیم سے متعلق اپنے مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی، اس کے علاوہ پاسپورٹ آفس کے باہر موجود ایجینٹس، بھٹے اور آرامشین پر کام کرنیو الے مزدوروں کو سوشل سیکورٹی کی سہولیات فراہم کرنے، زیر تعمیر سڑکوں کا جلد تعمیر کرنے، ٹوٹی ہوئی سٹرکوں کی تعمیرو مرمت کرانے کے اجتماعی مسائل پر بھی توجہ دلائی گئی ، جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے کیلئے ہدایت جاری کی، سٹی کونسلر رانا مظہر نے شہر میں صفائی اور سیوریج کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے افسران سے اس سلسلے میں بات ہوگئی ہے ، جلد ہی شہر میں صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر شروع کیا جائے گا، سیوریج کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا، تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں میں شاہرات پر صفائی ہوگی ، دوسرے مرحلے مں ذیلی شاہرات کا شامل کیا جائے گا اور تیسرے مرحلے مں چھوٹی سٹرکوں اور گلیوں کو شامل کیا جائے گا، فیاض پارک کو بحال کیا جائے گا، سٹیڈیم میں نئی گھاس لگائی جائے گی، موسم بہار کی آمد آمد ہے جس میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی، مین چوراہوں پر شجر کاری کی جائے گی، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مفت ڈائیلسسز کی سہولت ختم کرنے پر متاثرین کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے سی ای او صحت ڈاکٹر ضیاء الحسن کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں فوری اقدامات کئے جائیں اور یہ سہولت جلد سے جلد بحال کی جائے تاہم تشویشناک مریضوں کا ڈائیلسسز جاری رکھا جائے، معذور افراد کی ملازمت کے متعلق شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں موجود سرکاری محکموں اور نجی اداروںمیں معذور افراد کی بھرتی سے متعلقہ ڈیٹا مرتب کریں اور کوٹے کے مطابق ان کی بھرتی کو یقینی بنائیں، کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عطاء الحق، اسسٹنٹ کمشنر ظہور حسین بھٹہ سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔