مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 11 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور مہار نے کہا ہے کہ ضلع مظفرگڑھ کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے مظفرگڑھ میں یونیورسٹی کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عوام کے اس دیرینہ مطالبے کو مد نظر رکھتے ہوئے مظفرگڑھ میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کا کیمپس بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ابتدائی کام شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام سے طلبا کو دور دراز کے شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے افسران اور اساتذہ پر مشتمل ایک وفد کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، وفد سب کیمپس کے قیام کیلئے جگہ کے تعین کے سلسلے میں مظفرگڑھ آیا ہوا تھا۔