مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 16 ستمبر2020ء) بابائی جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کے فرزند اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مظفرگڑھ سے ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان اسلام آباد سے واپسی پر اپنے آبائی علاقے خانگڑھ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم جمہوریت کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب پارلیمنٹ کے ہال میں منعقد ہوئی جس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کی جبکہ اس تقریب میں چئیرمن سینٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا،سابق چیئرمین سینٹ رضاربانی ،سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سمیت ممبران قومی اسمبلی،سینیٹرز ،اسلامی ممالک کے سفیروں،میڈیا نمائندگان، یورپی یونین کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے ان تمام مقررین نے بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کی جمہوری خدمات اور جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم نے ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کی خاطر اپنی زندگی وقف کی اور قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں ،لیکن کسی آمر کے سامنے نہیں جھکے۔مقررین کا کہنا تھا کہ آج ملک میں جمہوری اثرات نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کی قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔
ملک میں آمریت اور طالع آزماؤں نے جب بھی جمہوریت کا قتل کیا تو نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم نے ہی سینہ تان کر غیر آئینی اقدام کے خلاف جدوجہد کی اور جمہوریت کی شمع جلاتے رہے، انہوں نے جمہوریت کے ساتھ ساتھ ملک میں اسلامی اقدار کی خاطر بھی بیپناہ قربانیاں دی۔ نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم ختم نبوت تحریک کے ہراول دستہ تھے، ہر آمر نے انہیں مختلف ادوار میں اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کی مگر ناکام رہے۔
آمروں کی آفروں کو بھی جمہوریت کی پاسداری کی خاطر ٹھکرا دیا۔نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کی جمہوریت کی خاطر خدمات اور جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کی جمہوریت کیلئے لازاول خدمات پر ڈیموکریسی ایوارڈ دیا گیا جو ان کے صاحبزادے ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سیوصول کیا۔