نمبردارریوینیو معاملات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 جنوری2023ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ نمبردار ریونیو معاملات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،ان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں نمبردار کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا نمبردار پنجاب حکومت کے نمائندے ہوتے ہیں اور یہ محاصل وصولی کیساتھ ساتھ مالی معاملات میں انتظامیہ کی مدد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا میرے آفس کے دروازے ہمیشہ ان کے لئے کھلے ہیں کیونکہ یہ علاقے کے لوگوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نمبر دار لوگوں کے جائزمسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نمبرداروں کی طرف سے نشاندہی کردہ مسائل کو اہمیت دیں تاکہ وہ اجتماعی مفادات کے لیے کام کر سکیں۔

انہوں نے کہا انتظامی افسران اور نمبر داروں میں روابط کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا ضلع مظفرگڑھ میں نمبرداروں کی تعیناتی میں میرٹ کو فروغ دیا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان کی تمام توانائی نمبرداروں کو مضبوط کرنے پر خرچ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا نمبر داروں کی خالی آسامیوں پر تعیناتیاں جلد مکمل کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنرنے مزید کہا وراثتی زمین کی منتقلی، تاریخ پیدائش کی رجسٹریشن سمیت دیگر معاملات میں نمبرداروں کی تصدیق کو اہمیت دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا نمبرداروں کو سسٹم میں فعال کردار دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنرنے کہا نمبر داروں کو جائز عزت اور مقام دیا جائے گا۔نمبرداری کنونشن میں اے سی علی پور محمد حیدر سمیت نمبرداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔