مظفر گڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 10 مارچ 2023ء) مہنگائی سے تنگ باپ نے 4 سالہ بیٹی کو خود سے باندھ کر نہر میں چھلانگ لگا دی ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر غربت کا ستایا باپ 4 سالہ بیٹی کو خود سے باندھ کر نہر میں کود گیا۔یہ واقعہ گذشتہ روز پیش آیا۔باپ اور بیٹی کی تلاش کے لیے عباسیہ نہر میں آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سلیم نامی شخص نے 4 سالہ بیٹی کو اپنے جسم سے باندھ کر نہر میں چھلانگ لگا دی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق چھلانگ لگانے والا شخص مبینہ طور پر اپنی بیوی کے ساتھ گھریلو جھگڑے کی وجہ سے رنجیدہ تھا۔53 سالہ محمود سلیم مہنگائی اور غربت کی وجہ سے بھی پریشان تھا۔اسی طرح مظفرگڑ ھ کے علی پور روڈ پر بستی جلال آباد میں گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے ایک شخص نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی ،ریسکیو 1122۔
خودکشی کرنے والے شخص کی شناخت محمد عباس ولد اسلم عمر 22 سال سے ہوئی جو کہ بستی جلال آباد کا رہائشی تھا۔علاوہ ازیں ٹنڈومحمدخان کے قریبی گائوں حاجی جمعوں چانگ میں بے روزگاری اور مہنگائی سے تنگ آکر 33 سالہ نوجوان ارشد لاشاری نے اپنے گلے میں رسی کا پھندہ ڈال کر خود کشی کر لی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر سول اسپتال ٹنڈومحمدخان منتقل کیا جہاں پر ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔