موجودہ حکومت زیادہ سے زیادہ خواتین کو خود مختار کرنے کے لیے بہت زیادہ بجٹ مختص کر رہی ہے،علی عباس قریشی

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 نومبر2019ء) ممبر ہیومن رائیٹس کمیٹی علی عباس قریشی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید محمد کاشف سلیم اور پی ٹی آئی رہنما زاہد گورایہ کے ہمراہ دارالامان مظفر گڑھ کا دورہ کیا۔انہوں نے مظفرگڑھ کے دارالامان کو ایک ماڈل دارالامان قرار دیا اور یہاں پر آنے والی خواتین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر اور ان کی سائیکلوجیکل تھراپی کرنے پر انچارج دارالامان میڈم عافیہ بلال اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیر شعیب مگسی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انتظامیہ بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کو بہترین سہولتیں مہیا کر رہی ہے۔اس موقع پر علی عباس قریشی نے کہا کہ موجودہ حکومت زیادہ سے زیادہ خواتین کو خود مختار کرنے کے لیے بہت زیادہ بجٹ مختص کر رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے اس ضمن میں احساس پروگرام کے ذریعے دکھی اور بے سہارا افراد کو سہولتیں مہیا کررہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈایئریکٹر سوشل ویلفیر شعیب مگسی نے سوشل ویلفیر کے تحت چلنے والے مختلف پراجیکٹس پر بریفینگ دی اور صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عنقریب قصر بہبود کی نو تعمیر شدہ بلڈنگ میں مختلف ٹریڈز میں خواتین کو ٹیکنیکل تعلیم دی جائے گی اور یہ پنجاب کا تیسرا بڑا خواتین کی فنی تعلیم کا ادارہ ہو گا۔

انہوں نے پاکستان بیت المال کے متحرک کردار کو سراہتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید کاشف سلیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ وہ طالب علموں کے وظیفوں،معذورں کی مالی امداد اور نادارمریضوں کے علاج معالجے کے لیے بہت زیادہ فنڈز خرچ کر رہے ہیں۔کاشف سلیم نے دارالاحساس کوٹ ادو کے لیے چار سے چھ سال کے یتیم لڑکوں کی رجسٹریشن کے لیے انہیں اپنا کردار ادا کرنے کو کہا۔ ممبر ہیومن رائیٹس کمیٹی علی عباس قریشی نے بہترین اور منظم انداز میں ادارے کو چلانے پر انچارج عافیہ بلال کی تعریف کی اور اس ضمن میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔