ملک میں مستقل قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں،ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔16دسمبر (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 16دسمبر2020ء) :ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ملک میں مستقل قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، دشمن کے بیانیے کی نفی کریں، تمام تر اختلافات کو بھلا کر ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے مل کر کام کریں یہ بات انہوں نے یوم قومی یکجہتی کے موقع پر شہداپشاور آرمی پبلک سکول کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، ڈی ایس پی سٹی عظمت اللہ گورمانی، پرنسپل کوڑے خان سکول رانا محمد طاہر بشیر، سید گلزار عباس نقوی، قاری ظفر کوثر چشتی، قاری عبدالغنی ثاقب، رانا محمد افضل، سماجی خاتون کارکن ام کلثوم سیال،صدر انجمن تاجران سید امیر حسن سمیت اساتذہ، طلبہ، ٹائیگر فورس کے رضاکار اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کی ہمارے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے ایک ایک بچے کی حفاظت کیلئے عملی اقدمات کئے جائیں، بچے ہمار امستقبل ہیں ان کی بھی ہم نے تربیت کرنی ہے کہ ایسے حالات میں انہوں نے کیا کرنا ہے کیونکہ دشمن بڑا بے رحم اور سنگدل ہے۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کوڑے خان رانا محمد طاہر بشیر نے کہا کہ قیام پاکستان سے آج تک ہماری تاریخ لہو سے عبارت ہے، پاکستان کی بنیادوں میں شہدا کو لہو ہے اور اس کو قائم و دائم رکھنے کیلئے ہر طبقہ نے قربانیاں دی ہیں۔
دشمن بھول گیا ہے کہ شہادت ہماری میراث ہے اس قسم کے سانحات ہمیں توڑ سکتے ہیں نہ ڈرا سکتے ہیں۔ رانا محمد افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمن نے ہمارے معصوم بچوں کو ہدف بنا کر ہمیں توڑنے کی کوشش کی لیکن ہماری پاک فوج دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی۔ قاری عبدالغنی ثاقب نے کہا کہ دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہوا ہے اور ہمارے شہدا آج بھی زندہ و جاوید ہیں۔
قاری ظفر کوثر چشتی نے کہا کہ پاکستان اسلام کو قلعہ ہے اور نگہبان ہے۔ دہشت گرد دین اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔سید گلزار عباس نقوی نے کہا کہ مسلمان موت سے ڈرنے والے نہیں اے پی ایس جیسے واقعات ہمیں اور متحد کرتے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد شہزاد نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے اور کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اس ملک پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تقریب میں سردار کوڑے خان پبلک سکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کئے۔ گورنمنٹ ہائی سکول ترکی کالونی کے طالب علم علی رضا نے ملی نغمہ پیش کیا