مظفر گڑھ: 2 ایم این ایز کا تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ

مظفر گڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 جولائی2018ء) مظفر گڑھ سے کامیاب 2 ایم این ایز اور 7 ایم پی ایز نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا، کل (اتوار کو )چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد باقاعدہ اعلان کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق، این اے 181 سے شبیر قریشی نے غلام مصطفیٰ کھر جبکہ این اے 185 سے باسط سلطان بخاری نے معظم جتوئی کو شکست دی تھی۔پی پی 275 سے آزاد رکن صوبائی اسمبلی خرم سہیل لغاری، پی پی 277 سے آزاد رکن صوبائی اسمبلی علمدار قریشی اور پی پی 272 سے آزاد رکن قومی و صوبائی اسمبلی باسط سلطان بخاری بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اپ ڈیٹ کے مطابق ای سی پی کو اب تک نیشنل اسمبلی کی 230 جبکہ صوبائی اسمبیلیوں کی 500 نشستوں کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جو کہ مجموعی تعداد کا 86.8 فیصد ہے۔قومی اسمبلی کی 230 نشستوں کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف 116 سیٹوں کے ساتھ پہلے، پاکستان مسلم لیگ (ن) 64 سیٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 43 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ان جماعتوں کے علاوہ متحدہ مجلس عمل 12، پاکستان مسلم لیگ (ق) 4، بلوچستان نیشنل پارٹی 3، متحدہ قومی موومنٹ 6 اور بلوچستان عوامی پارٹی 2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔