مظفر گڑھ: شاہ والا میں مبینہ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 14 ملزمان ہلاک، 6 پولیس اہلکار زخمی

مظفر گڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی. 29 جولائی 2015ء) : شاہ والا میں مبینہ پولیس مقابلے میں ملک اسحاق اور ان کے 2 بیٹوں سمیت کالعدم تنظیموں کے 14 ملزمان ہلاک جبکہ 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے شاہ والا میں کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ملک اسحاق، ان کے 2 بیٹے عثمان اور حق نواز سمیت کالعدم تنظیموں کے 14 ملزمان ہلاک ہو گئے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں غلام رسول اور اس کے بیٹے بھی شامل ہیں، تمام ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور ملزمان دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے، ہلاک ہونے والے ملزمان میں زیادہ تر کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔ سی ٹی ڈی ملتان نے بتایا کہ ملک اسحاق کو چند روز قبل گرفتار کیا گیا تھا اور ملک اسحاق کو اسلحے کی نشاندہی اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے ملتان سے مظفر گڑھ لایا جایا جا رہا تھا کہ شاہ والا کے قریب ملزمان کے ساتھیوں کے انہیں چھڑوانے اور فرار کروانے کی کوشش کی جس پر ملزمان سے مقابلہ ہو گیا اور تمام ملزمان ہلاک ہو گئے۔سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھی موٹر سائیکلوں پر آئے، ہلاک دہشت گردوں سے بارود سے بھرے 3 واٹر کولر،ڈیٹونیٹر، کلاشنکوف، 12 پستول، 400 گولیاں اور 4 دستی بم برآمد ہوئے۔ ملزمان کے 6 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم ان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جبکہ کشیدگی کے خدشے کے پیش نظر ڈی ایچ کیو اسپتال کے تمام داخلی و خارجی دروازے بند کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث دیگرمریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔