مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 29 اگست2019ء) مظفر گڑھ میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر ( ڈی پی او) کی ہدایت پر 15 سالہ نابینا لڑکی سے ساتھ ریپ کا مقدمہ 10 روز بعد درج کرلیا گیا۔
مظفرگڑھ کے علاقے مونڈکا کی رہائشی کلثوم مائی نے الزام عائد کیا کہ ان کی 15 سالہ نابینا بیٹی کو پڑوسی نے ریپ کا نشانہ بنایا تھا تاہم جب وہ مقدمہ درج کروانے کیلئے مونڈکا پولیس چوکی پہنچیں تو انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) غلام عباس نے دھکے دے کر باہر نکال دیا اور ان کی شکایت نہیں سنی تھی۔
بعدازاں متاثرہ لڑکی کی والدہ نے پولیس چوکی کے سامنے خود کو آگ لگانے کی دھمکی دی جس پر ڈسٹرکٹ پولیس افسر ( ڈی پی او) مظفر گڑھ صادق علی ڈوگر کو آگاہ کیا گیا تھا۔جس پر ڈی پی او مظفر گڑھ نے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) خان گڑھ کو فوری طور پر ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی تھی۔ڈی پی او کی ہدایت پر واقعے کی ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔