مظفر گڑھ،غیرت کے نام پر نوجوان کی ناک کاٹ دی گئی

مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 جنوری2023ء) مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے گاؤں خیرپور سادات میں خاتون سے ناجائز تعلقات کے شبہ میں نوجوان کو مبینہ طور پر اغوا کرنے، اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے اور پھر اس کی ناک کاٹنے میں ملوث 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔25 سالہ آصف مگسی کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے اسے علی پور تحصیل کے گاؤں گبر آرائیں سے اغوا کیا اور شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ کے مطابق ملزمان نے الزام لگایا کہ آصف مگسی کے ان کی رشتہ دار خاتون سے تعلقات ہیں اور اس کی ناک کاٹ دی۔متاثرہ شخص کی جانب سے علی پور پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق 5 ملزمان فلک شیر، یوسف، عبدالستار، کلیم اللہ اور عبدالعزیز نے اسے بندوق کے زور پر اغوا کیا اور گبر ٓرائیں کے علاقے میں لے گئے جہاں انہوں نے تشدد کیا اور پھر چاقو سے ناک کاٹ دی۔زخمی نوجوان کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ تھانہ خیرپور سادات پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔