مظفرگڑھ کا نیا اضافہ شدہ گزٹیئر شائع ہوگیا

مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 22 اگست2020ء) ضلع مظفرگڑھ کا نیا اضافہ شدہ گزٹیئر شائع ہوگیا، 60 کی دہائی کے بعد لکھا جانے والا یہ کسی بھی ضلع کا پہلا گزٹیئر ہے۔ یہ گزٹیئر سابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور( 2018 تا 2019 ) نے تحریر کیا ہے ۔ اس پہلے 1908 ، 1929 اور 1964 میں ضلع کا گزٹیئر لکھا گیا تھا۔ اضلاع کے گزٹیئر مرتب کرنے کی روایت انگریز دور میں شروع ہوئی تھی جسے پاکستان بننے کے بعد ختم کردیا گیا، اب 60 سال بعد سابق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور نے یہ روایت زندہ کی ہے، آپ نے اپنا عرصہ تعیناتی 2018 تا 2019 کے دوران اس کام کا بیڑہ اٹھایا تھا جو اب پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔
ابتدائی طور پر اسے آن لائن شائع کیا گیا ہے جبکہ کتابی صورت میں لاہور کا ایک معروف پبلشنگ ادارہ اسے شائع کررہا ہے۔

اس گزٹیئر کی خاص بات یہ ہے کہ 60 سال کے دوران ہونے والی تبدیلیوں اور پیش رفت کا بھی اس میں احاطہ کیاگیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد گزٹیئر ہے جس میں ضلع کی تاریخ، جغرافیہ، ثقافت، سیاست، اہم شخصیات، اہم مقامات، معیشت اور حکومتی اداروں کے متعلق اہم اور جامع معلومات دی گئی ہیں۔ضلع کے ادبی وسماجی حلقوں نے ساٹھ سال بعد ضلع کے بارے گزٹیئر شائع ہونے کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے اور اسے ایک اہم پیش رفت قراردیا ہے۔