مظفرگڑھ میں دوران ڈکیتی 3 ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے، ہاتھ اور ٹانگ کاٹ دی گئی

جمعرات کی صبح ڈاکوؤں نے ایک دکان میں ڈکیتی کی کوشش کی اور دوران مزاحمت فائر کر دیا جو دکاندار کی ٹانگ میں لگا، بعد ازاں لوگوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 24 ستمبر2020ء) مظفرگڑھ میں دوران ڈکیتی 3 ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے، ہاتھ اور ٹانگ کاٹ دی گئی، جمعرات کی صبح ڈاکوؤں نے ایک دکان میں ڈکیتی کی کوشش کی اور دوران مزاحمت فائر کر دیا جو دکاندار کی ٹانگ میں لگا، بعد ازاں لوگوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز مظفرگڑھ میں دوران ڈکیتی فائرنگ کرنے کے بعد 3 ڈاکو لوگوں کے ہتھے چڑھ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح 3 ڈاکوؤں نے ایک دکان میں ڈکیتی کی کوشش کی اور اسی دوران دکاندار کو گولی بھی مار دی۔ فائرنگ کی آواز سن کر لوگ اکٹھے ہوگئے اور ڈاکوؤں کو پکڑ لیا۔ لوگوں کی جانب سے ڈاکوؤں کا اسلحہ چھین کر انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور اس دوران ڈاکوؤں کا ہاتھ اور ٹانگ کاٹ دی گئی۔

بعد ازاں پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔

میڈیا پر خبر سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مظفرگڑھ کے تھانہ شہر سلطان کی حدود میں ملزم کے ہاتھ کاٹنے کے واقعہ پر آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کا تعین کر کے قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔