مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ، 07 ستمبر 2021) مظفرگڑھ میں مبینہ زیادتی کا شکار خاتون سب انسپکٹر کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ آ گئی جس میں خاتون پر تشدد ثابت ہوا ہے۔مظفر گڑھ میں ہفتے کی رات تھانہ صدر اور سٹی کے سامنے سے لیڈی سب انسپکٹر کو اغوا کیاگیا تھا اور ملزم نے خاتون سب انسپکٹر کو باغ میں لے جاکر تشدد اور مبینہ زیادتی کانشانہ بنایا تھا۔
خاتون سب انسپکٹر کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ اب سامنے آ چکی ہے جس میں سب انسپکٹر پر تشدد ثابت ہوا ہے۔ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق خاتون سب انسپکٹر کی پیشانی، ہونٹوں اور انگوٹھے پر زخم کے نشانات ہیں، شادی شدہ متاثرہ سب انسپکٹر 5 ماہ کی حاملہ ہے۔ رپورٹ میں زیادتی کے معاملے کی تصدیق کیلئے نمونے فارنزک ٹیسٹ کیلئے بھجوانے کی سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وہ ریسکیو 15 آفس کے گیٹ کے قریب رکشے سے اتریں تو مین سڑک پر کاشف نامی شخص اپنی سفید رنگ کی کلٹس کار میں کھڑا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق کاشف نے انہیں پستول دکھا کر زبردستی گاڑی میں ڈالا اور چمن بائی پاس کے قریب نامعلوم مقام جہاں جھاڑیاں اور درخت وغیرہ تھے لے گیا۔ متاثرہ خاتون کے بیان کے مطابق ملزم نے انہیں پستول اور چھری کے زور پر ریپ کی کوشش کی لیکن انکار پر تشدد کا نشانہ بنایا اور دھمکایا کہ اگر انہوں نے قانونی کارروائی کروائی تو انہیں اور ان کے بچوں کو اغوا کر کے قتل کر دے گا۔