مظفرگڑھ ، ووٹ محض ایک ضرورت ہی نہیں بلکہ یہ ہر شہری کا اولین فرض بھی ہے، پروفیسررانا مسعود اختر

مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 دسمبر2019ء) کسی بھی ریاست کے نظام کو چلانے کیلئے اچھی قیادت کی ضرورت ہوتی ہے اور اچھی قیادت کا انتخاب ہم اپنے ووٹ کے ذریعے کرتے ہیں، جمہوری عمل کو کامیاب بنانے میں ہر ووٹر اپنا کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ووٹ محض ایک ضرورت ہی نہیں بلکہ یہ ہر شہری کا اولین فرض بھی ہے، یہ بات پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج پروفیسررانا مسعود اختر نے قومی دن برائے ووٹران کے موقع پر الیکشن کمشنر آفس مظفرگڑھ کے زیر اہتمام پوسٹ گریجویٹ کالج میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے، مردو خواتین مل کر ہی کسی بھی معاشرے، ملک اور قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں، انتخابی عمل میں خواتین کو بھی آگے آنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کواپنی سوچ کے مطابق بہترین قیادت کے انتخاب کا حق حاصل ہے، جمہوریت کے فروغ اور ملک کی ترقی کیلئے خواتین ووٹ ذریعے اپنا کردار ادا کریں۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مظفرگڑھ چوہدری محمد اکرم نے بتایا کہ الیکشن کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر قومی دن برائے ووٹران منایا جارہا ہے،جس کا مقصد عوام میں ووٹ کی اہمیت کا شعور اجاگر کرنا ہے، تاکہ انتخابات کے دوران ووٹ ڈالنے کی شرح میں اضافہ ہواور زیادہ سے زیادہ عوام انتخابی عمل میں حصہ لے سکیں اور مرد و خواتین کے ووٹ ڈالنے کی شرح کے فرق کو ختم کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کیلئے ضروری ہے کہ عوام بالخصوص خواتین اس عمل میں بھر پور حصہ لیں، انہوں نے بتایا کہ 1970کے عام انتخابات سے لے کر 2018کے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مردو خواتین سمیت معذور افراد کو بھی ووٹ ڈالنے کے عمل میں شریک کیا جائے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ ہر شہری ووٹ کا اندراج ضرور کرائے، تاکہ عوام کی منتخب نمائندے عوام کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کرسکیں، سیمینار سے ملک خیر محمد بدھ، افضل چوہان، ام کلثوم سیال، ساحر مقبول نے بھی خطاب کیا اور ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی سیمینار میں کالج ہذا کے لیکچرار طلبا و طالبات اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان کی کثیر تعدا نے شرکت کی۔