مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 26 اکتوبر2021ء) ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے گزشتہ رات رجب طیب اردگان ہسپتال اور دیہی مرکز صحت کا اچانک دورہ کیا، دونوں ہسپتالوں کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا۔ ادویات کی سٹاک کا معائنہ سمیت دیگر انتظامات کا بھی جائز ہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں داخل مریضوں سے ہسپتال میں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہسپتال میں دستیاب سہولیات کو مریضوں تک بلا امتیاز فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت برتنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنے فرایض دیانتداری سے ادا کریں۔ہسپتالوں کو صاف ستھرا رکھا جائے۔ مریضوں کو ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ان سے اخلاق سے پیش آیا جائے۔