مظفرگڑھ ،عدالت علاقہ مجسٹریٹ نے جمشید دستی کو رہا کردیا

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 ستمبر2022ء) مظفرگڑھ کی عدالت علاقہ مجسٹریٹ نے خیانت کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو رہا کر کے مقدمہ خارج کر دیا۔سربراہ پاکستان عوامی راج پارٹی جمشید دستی کو منگل کو مظفرگڑھ کے تھانہ محمود کوٹ میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے فنڈ سے خریدی گئی ایمبولینس میں خیانت کے الزام کے مقدمہ میں راو لپنڈی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

ایس ایچ او تھانہ محمود کوٹ زوار حسین نفری لیکر راولپنڈی گئے وہاں کی مقامی عدالت نے جمشید دستی کو راہداری ضمانت پر مظفرگڑھ پولیس کے حوالے کردیا تھا، پولیس تھانہ محمود کوٹ نے جمشید دستی کو مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت پیش کیا،اللہ بخش جسرا علاقہ مجسٹریٹ نے وکلا کے دلائل سن کر جمشید دستی کو رہا اور مقدمہ خارج کر دیا ہے،جمشید دستی کے وکیل ملک شفیق الرحمان ملانہ ایڈووکیٹ نے بتایا ہے کہ فریقین میں 2019 میں راضی نامہ ہو چکا تھا جس کی بنا پر جمشید دستی کو رہا اور مقدمہ خارج کیا گیا ہے۔