مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت کی مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے انتظامی افسران فیلڈ میں کام کر رہے ہیں، اسسٹنٹ کمشنران اپنی تحصیلوں میں سستا آٹا سیل پوائنٹس کا دورہ کررہے ہیں اور تمام پوائنٹس پر آٹے کی فروخت پر امن اور منظم طریقہ سے جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے آج خود بھی ضلع کونسل کا دورہ کیا اورضلع کونسل کے انتظامی امور،آمدن اور اخراجات پر بریفنگ لی،سردار کوڑے خاں کی وقف اراضی کی آمدنی کے بارے دریافت کیا، ضلع کونسل کے زیر اہتمام دریاوں کے پتن ہائے کے ٹھیکہ جات بارے معلومات لیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے چیف آفیسر ضلع کونسل اقبال خاکوانی کے ہمراہ شاہ جمال کا دورہ کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عبدلرزاق نے بتایا کہ ضلع میں 46 کھاد کے ڈیلرز موجود ہیں، جہاں یوریا 3025 سے 3100 روپے میں دستیاب ہے۔خلاف ورزی پر اب تک 1 لاکھ 31 ہزار روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے، ایک ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آغاظہیر عباس شیرازی نے محکمہ سوشل ویلفیئر اور سوشل سیکیورٹی کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے صنعتی اداروں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا جائے۔ اینٹوں کے بھٹوں پر مزدوروں سے جبری مشقت نہ لی جائے اور اس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام صنعتی اداروں کے مزدوروں کو بلاامتیاز سوشل سیکیورٹی کارڈ جاری کئے جائیں تاکہ تمام کارکن حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔