مظفرگڑھ، ہیڈ تونسہ بیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں درمیانے درجہ کا سیلاب

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 جولائی2020ء) مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں ہیڈ تونسہ بیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں درمیانے درجہ کا سیلاب، پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، متعدد بستیاں زیر آب آگئیں۔ محکمہ آبپاشی کے زرائع کے مطابق اس وقت دریائے سندھ مین تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 27 ھزار 613 کیوسک فیٹ ہے جبکہ اخراج ایک لاکھ 99 ہزار 970 فیٹ ہے جبکہ ڈیرہ غازیخان ٹی پی کینال کو 7500 کیوسک،مظفرگڑھ کینال کو 8300 کیوسک اور ٹی پی لنک کینال کو 11443 کیوسک پانی مہیا کیا جا رہا ہے، دریا کی سطح میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔محکمہ آبپاشی کے زرائع کے مطابق پہاڑی سلسلوں میں بہت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں اور مزید بارشوں کی بھی پیشگوئی ہے جس کی وجہ سے دریا میں بہت زیادہ مقدار میں پانی کی آمد کا امکان ہے، پانی کی سطح میں اضافے سے نشیبی علاقوں کی 8 بستیاں زیر آب آ چکی ہیں اور ان کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، لوگ پرائیویٹ کشتیوں کے ذریعے نقل مکانی کرنے کیلئے مجبور ہیں۔اللہ بخش،کریم بخش،غلام رسول،فیض بخش،اللہ بچایا اور متعدد دیگر لوگوں نے بتایا کہ کشتی والے 30 سے 40 روپے فی سواری وصول کر رہے ہیں جو ان کیلئے ادا کرنا بہت مشکل ہے، انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے سرکاری کشتیاں بھجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حفاظتی بند اور سپر بھی کمزور اور مخدوش حالت میں ہیں ان پر پتھر ڈال کر انہیں مضبوط کیا جائے تا کہ زیادہ پانی آنے کی صورت میں نقصان سے بچا جا سکے۔