مظفرگڑھ، گنے کے کاشتکاروں کا تحفظ اور ان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 22 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کا تحفظ اور ان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، ان کی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ شوگر سیس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی ملک رضا ربانی کھر، ممبر صوبائی اسمبلی عون ڈوگر اور نیاز گشکوری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ویونیو عطاء الحق، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ محمد شعیب سمیت فاطمہ شوگر مل، شیخو شوگر مل اور رحمان حاجرہ شوگر مل کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں شوگر سیس کے تحت سٹرکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام نے کہا کہ سٹرکیں بہتر ہونگی تو کاشتکار بروقت اپنا گنا شوگر ملز تک پہنچا سکیں گے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبہ جات کے پیپر ورک کو جلد سے جلد مکمل کرایا جائے، ان منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، تاکہ یہ روڈ جلد ازجلدمکمل ہوسکیں اور کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں عوامی ضروریات کی سکیمیں منظوری کے لئے پیش کی جائیں، اس ضمن میں کوئی نئی رکاوٹ درپیش ہو تو اس کو دور کیا جائے، اجلاس میں کاشتکاروں کے نمائندگان کی طرف سے پیش کردہ مسائل کو فوری حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔