مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 اپریل2019ء) مجلس شہریاں ضلع مظفرگڑھ کے صدر اور حلقہ این اے 184 کے سینئر سیاسی راہنما رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ کی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل پیپکو نے میپکو ملتان سمیت پنجاب بھر میں بجلی فراہم کرنے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے صارفین پر مبینہ بجلی چوری کی آڑ میں بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے جرمانے وصول کرنے کا نوٹس لے لیا اور کمپنی سربراہوں سے جواب طلب کر لیا ہے۔اس سلسلے میں رانا امجد ایڈووکیٹ نے ڈی جی کے نام کھلے خط میں شکایت کی تھی کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین سے گزشتہ تین، چار ماہ کے دوران تقریباً 60 کروڑ روپے کی رقم صرف اور صرف جرمانوں کی مد میں جبراً وصول کر لی ہے اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے، جو پیپرا رولز کی صریحاً خلاف ورزی ہے، جبکہ ان کمپنیوں نے ہر صارف کو بلاوجہ اور غیرقانونی جرمانے لگا کر بجلی چور بنا دیا ہے، جو کہ قابل مذمت اور قابل مواخذہ ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ میپکو ملتان سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے وصول شدہ ان غیرقانونی جرمانوں کی رقم صارفین کو واپس دلوانے کے لئے عدالت عالیہ سے رجوع کریں گے اور عدالتی چارہ جوئی کریں گے۔